اوٹکور تا حیدرآباد براہ پھولمامڑی بس سرویس کی بحالی پر زور ، ڈپو منیجر کو یادداشت
نارائن پیٹ /7 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس نارائن پیٹ کی جانب سے بس ڈپو منیجر نارائن پیٹ ضلع شریمتی لکشمی سودا کو ایک یادداشت پیش کی گئی ۔ جس میں وضاحت کرتے ہوئے ڈپو منیجر کو توجہ دلوائی گئی کہ گذشتہ دو تین ماہ سے اوٹکور تا حیدرآباد بذریعہ پھولمامڑی بس سرویس کی خدمات اچانک بند ہونے سے اوٹکور منڈل کے مواضعات اوٹکور مخدوم پور ، بجوار ، پھولمامڑی کے سینکڑوں افراد جو روزآنہ حیدرآباد محبوب نگر بذریعہ بس سفر کیا کرتے تھے ۔ بس سرویس کے بند ہونے سے مسافروں کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ واصح رہے کہ کئی سالوں سے یہ بس سرویس بحال تھی ۔ جس سے کئی افراد اوٹکور سے حیدرآباد بڑی مسرت کے ساتھ سفر کر رہے تھے ۔ صدر ضلع MPJ نارائن پیٹ محمد کاظم حسین ، مشیرکار MPJ مجاہد صدیقی ، محمد الطاف حسین صدر ٹاؤن MPJ نارائن پیٹ نے ڈپو منیجر کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دوبارہ بس سرویس کی خدمات کا آغاز کیا جائے اور ساتھ ہی ساتھ اس بات کی بھی وضاحت کی کہ اکثر بسوں پر سائن بورڈ پر اردو غائب ہے ۔ بسوں کے بورڈ پر اردو لکھا جائے ۔ اس مطالبہ پر ڈپو منیجر نے وفد کو تیقن دیا کہ بہت جلد اس مسئلہ کو حل کیا جائے گا ۔