حیدرآباد۔ ڈرائیور کے بغیر آرٹی سی بس اپنے طورپر چل پڑی۔یہ واقعہ کل شب اے پی کے ضلع نیلور کے رائے پور منڈل میں واقع بس اسٹانڈ میں ٹہرائی گئی بس اچانک اپنے طورپر چل پڑی تاہم یہ واقعہ بس اسٹانڈ میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگیا۔بعد ازاں اس واقعہ کے ویڈیوز سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئے جن میں دکھایاگیا ہے کہ ایک بس کل شب اچانک بس اسٹانڈ میں پلیٹ فارم سے نکل کرچل پڑی تاہم آہستہ آہستہ چلی یہ بس بس اسٹانڈ کے سمنٹ کے ستون سے ٹکراکر رک گئی۔اس واقعہ کے وقت بس میں اور بس اسٹانڈ میں مسافر نہیں تھے جس کی وجہ سے ایک بڑاحادثہ ٹل گیا۔اگر اس واقعہ کے وقت پلیٹ فارم پر مسافرین ہوتے تو بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔یہ بات ہنوزمعلوم نہیں ہوپائی کہ آیا یہ بس اپنے طورپر چل پڑی یا پھر کسی نے اس کو دھکہ دیا۔دوسری طرف بعض افراد نے بس اسٹانڈ میں بھوت ہونے کی مہم شروع کردی۔