روٹس کو خانگیانے کی رکاوٹ ختم ہونے کے بعد حکومت تلنگانہ کی نئی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔24 نومبر(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ریاست کے بس اسٹیشنوں کو بس اسٹیشن کے ساتھ تفریحی مرکز اور شاپنگ مال میں تبدیل کرنے کے منصوبہ کو اب عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں منظوری فراہم کی جائے گی ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ نے ہائی کورٹ کی جانب سے 5100 روٹس کو خانگیانے کے فیصلہ میں حائل رکاوٹ کو دور کئے جانے کے بعداپنے اعلانات کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں اقدامات کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں مختلف مواضعات کے بس اسٹیشن کو جہاں گنجائش موجود ہے ان مقامات پر تھیٹر کے قیام کے علاوہ بس اسٹیشن کو شاپنگ مال اور دیگر ضروریات کے لئے استعمال کے قابل بنانے کے اقدامات کو یقینی بنانے کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جن 5100روٹس کو خانگیانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان روٹس کے بس اسٹیشنوں کو ابتدائی طور پر ترقی دی جائے گی اور اس دوران بس اسٹیشن میں منی تھیٹر اور شاپنگ مال کے علاوہ تفریحی مقام کے طور پر ترقی کے منصوبہ کو قطعیت دی جانے لگی ہے جاریہ سال کے اوائل میں حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ حکومت نے ریاست میں 24 بس اسٹیشنوں میں منی تھیٹر کے علاوہ شہریوں کو تفریحی سہولتوں کی فراہمی ان بس اسٹیشنوں میں یقینی بنانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس سلسلہ میں اب تک کوئی پیشرفت نہیں دیکھی گئی لیکن اب جبکہ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے آرٹی سی کی 5100 روٹس کو خانگیانے کے فیصلہ کو ہری جھنڈی کے ساتھ ہی اس منصوبہ پر دوبارہ تبادلہ خیال کیا جانے لگا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلہ میں عہدیداروں سے تجاویز طلب کی ہیں اور اس بات کی ہدایت دی ہے کہ جن روٹس کو خانگیانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان روٹس کے بس اسٹیشنوں کی ترقی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو اس بات سے واقف کروائیں کہ خانگیانے سے آرٹی سی کو کیا فائدہ حاصل ہوگا ۔حکومت کی جانب سے بس اسٹیشنوں پر منی تھیٹر اور تفریح گاہ کی تعمیر کی صورت میں بس مسافرین کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ ان مقامات کا تجارتی مقاصد کے لئے استعمال بہتر انداز میں کیا جاسکتا ہے کیونکہ بس اسٹیشنوں کے لئے کافی وسیع و عریض اراضیات موجود ہیں اور ان اراضیات کا بہتر استعمال کیلئے کئی ایک اقدامات کئے جاسکتے ہیں جن میں ان بس اسٹیشنوں کو منی تھیٹر اور تفریح میں تبدیل کرنا بھی شامل ہے۔