بس اور ٹرک کی ٹکر سے 10 افراد کی موت، 25 زخمی

   

بیکانیر18نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں ضلع بیکانیر کے سیرونا تھانہ علاقے میں آج ایک بس اور ٹرک کی ٹکر سے 10 سے زائد افراد کی موت ہو گئی جبکہ تقریبا 25 افراد زخمی ہو گئے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ صبح تقریبا سات بجے قومی شاہراہ 11 پر جھنجھو اگاؤں کے نزدیک ٹرک سے ایک پرائیوٹ سلیپر بس دھند کی وجہ سے ٹکرا گئی ۔ آمنے سامنے کی اس ٹکر سے بس میں آگ لگ گئی ۔ اس سے 10 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تقریبا 25 افراد زخمی ہو گئے ۔ موقع پر موجود گاؤں والوں نے ٹیوب ویل سے پائپ کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی ۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو گاؤں والوں کی امداد سے بس سے نکال کر بیکانیر کے پی بی ایس اسپتال پہنچایا گیا ۔ ادھر پی بی ایس اسپتال میں پولیس چوکی ذرائع کے مطابق اب تک 10 لاشیں اسپتال میں لائی جا چکی ہیں ۔ ان میں چار خواتین، ایک لڑکا اور پانچ مرد شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ 25 زخمیوں کو داخل کیا گیا ہے ۔ ان میں سے کچھ کی حالت نازک ہے ۔حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ضلع انتظامیہ اور پولیس کے اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے ۔ ٹرک میں آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو بلایا گیا ۔ اس حادثے کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک جام ہو گیا ہے ۔