بس حادثہ : آفرین پہلے دن ملازمت سے واپس ہورہی تھی

   

ممبئی : یہاں کے مصروف علاقے کرلا میں رات ایک المناک حادثہ پیش آیا جب ایک بیسٹ بس نے ایس جی باروے مارگ پر قابو کھو دیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہو ئے۔ مرنے والوں میں 19 سالہ آفرین شاہ بھی شامل ہیں، جو اپنی پہلی ملازمت کے پہلے دن کے بعد گھر واپس جا رہی تھیں۔آفرین جو ایک ذہین نوجوان لڑکی تھی اور اپنے پیشہ ورانہ سفرکا آغاز کر رہی تھیں، اور واپسی پر انہی آٹو نہیں ملا۔ انہوں نے اپنے والد عبدالسلام کو فون کیا، جنہوں نے انہیں کرلا اسٹیشن کی طرف پیدل چلنے کا مشورہ دیا، یہ جانے بغیرکہ موت ان کے انتظار میں ہے۔ کچھ ہی دیر بعد عبدالسلام کو ایک تباہ کن فون کال موصول ہوئی، جس میں انہیں فوراً اسپتال پہنچنے کوکہاگیا۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے اپنی بیٹی کی لاش دیکھی۔ حادثے میں دیگر پانچ افراد بھی ہلاک ہوئے، جن میں 55 سالہ نرس انصاری شامل ہیں، جو اپنی رات کی ڈیوٹی کے لیے اسپتال جا رہی تھیں۔ دیگر ہلاک ہونے والوں کی شناخت انعم شیخ، شِوم کشیپ، وجے گائیکواڑ اورفاروق چوہدری کے طور پر ہوئی ہے۔