بس سانحہ :تلنگانہ وفد کی ہندوستانی سفارتی عہدیداروں سے ملاقات

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 18 نومبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کی زیرقیادت تلنگانہ کا سرکاری وفد مدینہ منورہ میں سعودی حکام کے ساتھ مشاورت کے ذریعہ بس حادثہ میں جاں بحق افراد کی تدفین کے انتظامات میں مصروف ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر وزیر اقلیتی بہبود اظہرالدین، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اور رکن اسمبلی ماجد حسین مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ سرکاری وفد نے آج جدہ کے ہندوستانی قونصل جنرل اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حادثہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ اُنھوں نے نعشوں کی منتقلی اور حادثہ کے واحد زخمی کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں مقیم مہلوکین کے رشتہ دار بھی مدینہ منورہ پہنچ گئے اور اُنھوں نے سرکاری وفد سے ملاقات کی۔ سعودی عرب میں ہندوستانی تارکین وطن کی تنظیمیں بھی سرکاری وفد سے تعاون کررہی ہیں۔ توقع ہے کہ جمعرات کو جنت البقیع میں تدفین کے انتظامات کئے جائیں گے۔ محمد اظہرالدین نے بتایا کہ بس کو آگ لگ جانے سے نعشیں ناقابل شناخت ہوچکی ہیں۔ ڈی این اے ٹسٹ کے ذریعہ اُن کی شناخت کی جائے گی جس کے لئے وقت لگ سکتا ہے۔ شناخت کے بعد ڈیتھ سرٹیفکٹ جاری کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ سعودی حکومت کی جانب سے بھی مہلوکین کے پسماندگان کو معاوضہ دیا جائے گا۔ قانونی اُمور کی تکمیل کے لئے ڈی این اے ٹسٹ ضروری ہے۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بھی مہلوکین کے افراد خاندان کو ضروری دستاویزات جاری کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ بس حادثہ میں بچ جانے والے نوجوان شعیب کی صحت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے روبہ صحت ہیں۔1