تیزی سے روبہ صحت، عنقریب جنرل وارڈ منتقلی، زائرین کے رشتہ آج عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے
حیدرآباد۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) مدینہ منورہ میں تلنگانہ کے سرکاری وفد نے حالیہ بس سانحہ میں بچ جانے والے نوجوان محمد شعیب سے ہاسپٹل پہنچ کر ملاقات کی اور انہیں بھروسہ دلایا کہ تلنگانہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ آئی اے ایس اور رکن اسمبلی ماجد حسین نے ہاسپٹل پہنچ کر شعیب کو بھروسہ دلایا کہ حکومت ان کے بہتر سے بہتر علاج کو یقینی بنائے گی اور مکمل صحت یابی کے بعد ہر ممکن مدد دی جائے گی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے تمام متاثرہ خاندانوں کی امداد کے فیصلے سے واقف کرایا۔ اظہر الدین نے ڈاکٹرس سے شعیب کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور خواہش کی کہ شعیب کو بہتر سے بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اظہر الدین نے ہندوستانی سفارتخانہ اور کونسلیٹ کے عہدیداروں کو بھی شعیب کے علاج کے سلسلہ میں مسلسل توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ حکومت تمام متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ اظہر الدین نے بتایا کہ شعیب کی حالت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے روبہ صحت ہیں۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ جلد ہی شعیب کو آئی سی یو سے جنرل وارڈ میں منتقل کیا جائے گا تاہم مکمل صحتیابی کے لئے وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکام کی جانب سے علاج کے سلسلہ میں مکمل تعاون حاصل ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ شعیب جلد مکمل صحتیاب ہوکر حیدرآباد واپسی ہوں گے۔ پاسپورٹ کی اجرائی کیلئے بھی کونسلیٹ اور سفارتخانہ کے عہدیداروں کے ذریعہ کارروائی کرکے نیا پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔ اسی دوران حادثہ میں جاں بحق زائرین کے رشتہ دار تدفین کی تکمیل کے بعد آج بھی جنت البقیع پہنچے اور مرحومین کیلئے دعا کی۔ حج کمیٹی کی جانب سے تمام رشتہ داروں کیلئے آج مسجد قباء اور دیگر مقامات مقدسہ کی زیارت کا اہتمام کیا گیا۔ رشتہ داروں کا ایک قافلہ کل مکہ مکرمہ بحالت احرام روانہ ہوگا اور عمرہ کی سعادت حاصل کرینگے ۔ رشتہ داروں کا یہ قافلہ 27 نومبر کو حیدرآباد واپس ہوگا۔ اسی دوران تلنگانہ حکومت کے وفد میں شامل سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ پیر کی رات حیدرآباد کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ وفد کے دیگر دو ارکان کی منگل کو واپسی کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے گورنر آندھرا پردیش جسٹس عبدالنذیر کی زیر قیادت دو رکنی وفد جاں بحق زائرین کی تدفین کے بعد ہندوستان واپس ہوچکا ہے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے تمام رشتہ داروں کے قیام اور طعام کے علاوہ عمرہ اور زیارتوں کے انتظامات کئے گئے جس کی راست نگرانی وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین کررہے ہیں۔ 1
