ڈی این اے ٹسٹ مکمل، مرکزی وفد کی سعودی حکام سے بات چیت، محمد اظہرالدین نے جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 20۔نومبر (سیاست نیوز) مدینہ منورہ میں بس حادثہ کے جاں بحق عازمین عمرہ کی شناخت کیلئے رشتہ داروں کے ڈی این اے ٹسٹ کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور توقع ہے کہ کل 21 نومبر جمعہ کو جنت البقیع میں تدفین عمل میں آئیگی۔ مرکزی حکومت سے روانہ کردہ اعلیٰ سطحی وفد نے سعودی حکام سے اس پر بات چیت کی ہے ۔ گورنر آندھراپردیش جسٹس عبدالنذیر و وزارت خارجہ کے سکریٹری ارون کمار چٹرجی نے مدینہ منورہ میں تلنگانہ کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین ، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اور رکن اسمبلی ماجد حسین نے تفصیلی بات کی ۔ سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں و جدہ میں ہندوستانی کونسل جنرل فہد احمد خاں موجود تھے۔ اجلاس میں جاں بحق افراد کی تدفین کے انتظامات اور مدینہ منورہ پہنچنے والے رشتہ داروں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے سعودی حکام سے بات کی اور خواہش کی کہ جنت البقیع میں تدفین کے انتظامات کئے جائیں۔ اظہرالدین نے جسٹس عبدالنذیر سے بھی درخواست کی۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی حکام نے درخواست کو قبول کرلیا اور تدفین کے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد اظہرالدین نے کہا کہ تلنگانہ سے 38 تا 40 رشتہ دار سرکاری خرچ پر مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔ ان کے قیام و طعام کے انتظامات بھی حکومت سے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بعد نماز جمعہ یا بعد عصر تدفین کا امکان ہے۔ اظہرالدین نے کہا کہ رشتہ داروں کے ڈی این اے اور این او سی کی اجرائی کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ تمام ضروری امور کی تکمیل کے بعد تدفین کی کارروائی شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ پہنچنے والے رشتہ داروں کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ واپسی سے قبل وہ عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ محمد اظہرالدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے پسماندگان کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا اور ہر مہلوکے دو افراد خاندان کو سرکاری خرچ پر مدینہ منورہ روانہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن کے علاوہ قیام اور طعام کے انتظامات حکومت کی جانب سے کئے گئے ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے مرکزی حکومت کے وفد کی مساعی پر بھی اظہار تشکر کیا۔1