حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) مدینہ منورہ کے قریب عمرہ زائرین کی بس سانحہ میں واحد بچ جانے والے زخمی نوجوان محمد عبدالشعیب آج حیدرآباد واپس ہوئے۔ 17 نومبر کی ابتدائی ساعتوں میں پیش آئے سانحہ میں 45 عازمین جاں بحق ہوئے تھے۔ حیدرآباد کے جھرہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ محمد عبدالشعیب اپنے والدین اور نانا کے ساتھ بس میں سوار تھے۔ بس میں آگ بھڑکنے کے بعد وہ کسی طرح بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ اُن کا علاج سعودی جرمن ہاسپٹل مدینہ منورہ میں کیا گیا۔ حالت کے مستحکم ہونے پر ڈاکٹرس نے سفر کی اجازت دی۔ سعودی حکام نے ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کیا اور ایمگریشن کلیئرنس دیا گیا۔ اپنے بھائی محمد سمیر اور تلنگانہ حج کمیٹی کے ملازم محمد مسعود کے ہمراہ انڈیگو کی فلائٹ سے آج صبح واپسی ہوئی۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر شعیب کے رشتہ دار اور دوست احباب کی کثیر تعداد اُن کے استقبال کے لئے موجود تھی۔ اِس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شعیب نے تلنگانہ حکومت سے اظہار تشکر کیا جس نے جاں بحق افراد کے رشتہ داروں کو سرکاری خرچ پر روانہ کرتے ہوئے تدفین میں شرکت کا موقع دیا۔ اُنھوں نے ہندوستان کے وفد کی جانب سے مرحومین کی جنت البقیع میں تدفین کو یقینی بنانے پر بھی اظہار تشکر کیا۔ اُنھوں نے سعودی جرمن ہاسپٹل کے ڈاکٹرس کی خدمات کو سراہا۔ میڈیا کے نمائندوں نے جب حادثہ کے بارے میں تفصیلات جاننے کی کوشش کی تو شعیب جذباتی ہوگئے کیوں کہ اُن کے ذہن میں سانحہ کا منظر اور زخمیوں کی آوازیں تازہ ہیں۔1