ایل بی نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج، آر ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے مذمت
حیدرآباد۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) آر ٹی سی بس میں کنڈاکٹرس پر حملہ اور ان کے ساتھ گالی گلوچ کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق معمولی بات پر بس کنڈاکٹرس سے بحث و تکرار عام بات ہو گئی ہے لیکن آج کنڈاکٹرس پر حملہ کا سنگین واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون مسافر نے بس کنڈاکٹرس پر حملہ کردیا اور جان سے مارنے کی تک دھمکی دی۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جو شہریوں میں تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔ اس واقعہ کا آر ٹی سی انتظامیہ نے سخت نوٹ لیا ہے ۔ واقعہ کے خلاف ایل بی نگر پولیس میں شکایت بھی کردی گئی ہے۔ مینیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے اپنے سوشل میڈیا پر اس واقعہ پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ وہ ایسے سنگین واقعات کو نظراندازنہیں کریں گے اور نہ ہی ایسے واقعات کو برداشت کیا جائے گا۔ سخت محنت کرنے والے اور اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے آر ٹی سی عملہ کی سلامتی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عملہ کے ساتھ تعاون کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ حیات نگر ڈپو I کی بس میں ایک خاتون سفر کررہی تھی جس نے کنڈاکٹر کو بڑی نوٹ حوالے کی۔ کنڈاکٹر نے کہا کہ یہ اس کی پہلی ٹرپ ہے اور اس کے پاس چلر نہیں ہے لہذا اس نے چلر دینے کا مطالبہ کیا جس پر خاتون برہم ہوگئی اور گالی گلوج کرتے ہوئے تشدد پر اتر آئی اور کنڈاکٹر کو لات ماری۔ بیچ بچاؤ کے لئے پہنچی ایک خاتون کنڈاکٹر کو بھی اس خاتون نے تشدد کا نشانہ بنایا جو بس میں سوار تھی اور اپنے ساتھی کنڈاکٹر کی مدد کے لئے پہنچی تھی۔ ایل بی نگر پولیس اس سلسلہ میں مصروف تحقیقات ہے۔ ع