طرابلس : شام کے صدر بشار الاسد نے اپنے جلاوطن چچا کو شام واپس آنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ وہ فرانس میں چار سال کی مزید قید سے بچ سکیں۔اے پی نیوز ایجنسی کے مطابق شام کی حکومت کے حامی اخبار نے گزشتہ روز دیر گئے رپورٹ میں بتایا ہے کہ 83 سالہ رفعت الاسد گزشتہ 30 سال سے زائد وقت وہاں گزار چکے ہیں۔رفعت اسد کو گزشتہ سال فرانسیسی رئیل سٹیٹ امپائر بنانے کے لیے شامی ریاست کے فنڈز کا غیر قانونی استعمال کرنے پر سزا سنائی گئی تھی۔طبی وجوہات کی بنا پر ان کی غیر حاضری میں ہی مقدمہ چلایا گیا اور ان کے وکیل نے فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائر کی۔شام کے حامی سرکاری اخبار الوطن سے رفعت اسد کی واپسی کی یہ خبر ملی ہے جو 1984میں اپنے بھائی حافظ الاسد کے خلاف بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد شام سے فرار ہو گئے تھے۔اخبار الوطن میں رپورٹ کیا گیا ہیکہ صدر بشار الاسد نے اپنے چچا رفعت الاسد کو معاف کر دیا ہے تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔