بشیر ہمارے نمبر ایک اسپنر ،اعتماد برقرار :اسٹوکس

   

بریسبین، 3 دسمبر (آئی اے این ایس) انگلینڈ کے ٹسٹ کپتان بین اسٹوکس نے دوسرے ایشز ٹسٹ سے قبل شعیب بشیر پر اپنے اعتماد کا ایک بار پھر اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم کا نمبرایک اسپنر قرار دیا ہے، حالانکہ بریسبین میں کھیلے جانے والے ڈے نائٹ ٹسٹ کے لیے ان کی جگہ اسپن آل راؤنڈر ول جیکس کو حتمی الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ نے منگل کو دوسرا ٹسٹ کھیلنے والی ٹیم کا اعلان کیا، جس میں ایک ہی تبدیلی کی گئی ہے اور زخمی ہونے والے فاسٹ بولر مارک ووڈ کی جگہ ول جیکس کو شامل کیا گیا ہے ۔یہ فیصلہ بنیادی طور پر پچ کی صورتحال اور ٹیم کے مجموعی توازن کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ بین اسٹوکس نے پریس کانفرنس میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہم نے یہ دیکھنے کی کوشش کی کہ اس پچ پر اسپن کا کتنا کردار ہوگا۔ تھوڑی بہت حکمت عملی بھی شامل تھی اور جیکس کی نچلے نمبر پر بیٹنگ صلاحیت ہمارے لیے اہمیت رکھتی ہے۔ تاہم اگر کبھی فیصلہ صرف بہترین اسپنر کے انتخاب پر ہونا ہو، تو بشیر ہی ہمارے پہلے انتخاب ہوں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بشیرکی کارکردگی یا قابلیت پر کسی قسم کا عدم اعتماد موجود نہیں ہے، بلکہ یہ محض پچ اور حالات کا معاملہ ہے۔ وہ جانتا ہے کہ ہم اسے کتنی اہمیت دیتے ہیں۔ اگر بات صرف ہمارے بہترین اسپنر کی آئے تو ہم بلا جھجھک اس کا انتخاب کریں گے۔ شعیب بشیرکو انگلینڈ کی جانب سے منتخب نہ کیے جانے کے بعد وہ لائنس اسکواڈ کے ساتھ آسٹریلیا اے کے خلاف غیرسرکاری ٹسٹ میں شرکت کریں گے، جو جمعہ کو بریسبین میں شروع ہو رہا ہے۔ انگلینڈ مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ اس میچ میں بشیرکو کھیلنے کا موقع ملنا ان کی میچ پریکٹس اور فارم کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ پہلے ٹسٹ کے بعد گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہو ئے ۔ ان کے بائیں گھٹنے کا اسی سال قبل آپریشن بھی ہو چکا ہے اور حالیہ تکلیف نے ٹیم مینجمنٹ کو احتیاط برتنے پر مجبورکردیا ہے۔ ول جیکس کو انہی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بین اسٹوکس نے ووڈ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے تھوڑا سا دھکا ضرور ہے، لیکن وہ اسکواڈ کے ساتھ موجود ہیں۔ میڈیکل ٹیم پوری کوشش کر رہی ہے کہ وہ سیریز کے آخری تین میچز کے لیے واپس آ سکیں۔ ابھی ہمارے پاس کافی وقت ہے۔ دیکھتے ہیں حالات کیسے ہوتے ہیں۔ انگلینڈ پہلے ٹسٹ میں محض دو دن کے اندر بدترین شکست سے دوچار ہوا تھا، جس کے بعد ٹیم پر شدید دباؤ ہے۔ بریسبین کا ڈے نائٹ ٹسٹ سیریز کا رخ بدلنے کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔