بعض لوگ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں

,

   

کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف ایک تاریخی فیصلہ : مختار عباس نقوی کا بیان

چینائی ۔ /5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی امور مسٹر مختار عباس نقوی نے ہفتہ کے دن بتایا کہ بی جے پی زیر قیادت نریندر مودی کی حکومت سماج کے تمام طبقات کی کسی امتیاز کے بغیر ترقی پر اپنی توجہ مرکوز کررہی ہے ۔ لیکن بدقسمتی سے بعض لوگ اس یگانگت کے ماحول کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔ مگر ایسے لوگوں کو عوامی تائید حاصل نہیں ہورہی ہے ۔اس لئے وہ یکا و تنہا ہوگئے ہیں ‘‘۔ تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی ، جب ان سے دریافت کیا گیا کہ کیا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کوئی خصوصی قانون بنایا جائے گا تو انہوں نے اس کے جواب میں کہا کہ ’’ ملک میں ایسے مجرمین سے نمٹنے کے لئے پہلے ہی سے کئی قوانین موجود ہیں ‘‘ ۔ ان سے کشمیری عازمین حج کے انٹرنیٹ خدمات سے استفادہ کے بارے میں بھی سوال کیا گیا اور پوچھا گیا کہ انٹرنیٹ خدمات تاحال بحال نہیں ہوئی ہیں تو کس طرح کشمیری عازمین حج آن لائین درخواست دے سکتے ہیں ؟۔ انہوں نے بتایا کہ ’’کشمیری عازمین حج کے لئے کوئی مشکل نہیں ہے جو اپنی درخواستیں داخل کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کا ایک تاریخی اقدام تھا ۔ اس سے 5 سال کے عرصے میں ہندوستان کے 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے میں مدد ملے گی ۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں مرکزی حکومت نے کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کا اعلان کیا تھا اور کہا جا رہا ہے کہ اس اقدام سے ملک میں صنعتی گھرانوں کو مدد ملے گی اور اس سے ملک کی معیشت میں سدھار پیدا ہوگا ۔