بعض ملازمین گھر سے کام کریں گے، مرکز کا فیصلہ

   

نئی دہلی19مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر مرکزی حکومت نے گروپ بی اور گروپ سی کے پچاس فیصد ملازمین کو اپنے گھروں سے ہی کام کرنے کی ہدایت دی ہے ۔عملہ جات کی وزارت نے آج یہاں ایک حکم جاری کرکے سبھی وزارتوں اور محکموں کے سربراہ کو ہدایت دی ہے کہ ان کے محکمے میں تعینات گروپ بی اور گروپ سی کے نصف ملازمین ہی دفتر آکر کام کریں گے جبکہ 50 فیصد ملازمین اپنے گھروں سے کام کریں گے ۔حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دفتر آنے والے ملازمین کو تین شفٹوں میں آکر کام کرنا ہوگا۔یہ احکام فوری طور پر شروع ہوکر آئندہ 4 اپریل تک نافذ رہیں گے ۔ سبھی محکمے کے سربراہان سے گروپ بی اور سی کے ملازمین کو ہفتہ وار روسٹر بنانے کے لئے کہاگیا ہے ۔ اس میں یہ طئے کیا جائے گا کہ کون سے ملازمین دفتر آئیں گے اور کونسے گھر سے کام کریں گے ۔ پہلے ہفتے کے روسٹر میں ان ملازمین کو کام پر بلانے کے لئے کہا گیا ہے جو دفتر کے نزدیک رہتے ہیں ۔دفتر آنے والے ملازمین کے لئے صبح 9 سے شام 5.30 بجے ، 9.30 سے شام 6بجے اور صبح 10 بجے سے شام 6.30 بجے تک کی تین شفٹیں بنانے کے لئے کہا گیا۔ گھر سے کام کرنے والے ملازمین کو ٹیلی فون اور الیکٹرانک مواصلاتی میڈیا کے ذریعہ رابطے میں رہنا ہوگا۔ ضرورت پڑنے پر انہیں دفتر بھی بلایا جاسکتا ہے ۔حکم میں کہا گیا ہے کہ ان محکموں کے تحت آنے والے دفتروں کو بھی یہ حکم جاری کرنے ہوں گے ۔ فینانس سروسز ڈپارٹمنٹ اور پبلک انٹرپرائز کے محکمہ بھی اپنے اداروں اور پبلک سیکٹر کے انڈر ٹیکنگس کو بھی اسی طرح کے ہدایت جاری کرسکتے ہیں۔یہ حکم ضروری اور ایمرجنسی خدمات کے تحت آنے والے دفتروں، ملازمین اور کورونا پر قابو پانے کے طریقوں میں مصروف ملازمین اور محکموں پر نافذ نہیں ہوگا۔