اٹلی میں 4 اور لندن میں 7 مئی کے بعد رعایتوں کا اعلان متوقع
روم، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس ‘کووڈ -19’ سے بری طرح متاثر اٹلی نے چار مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔اٹلی کے وزیر اعظم جوزف کونٹے نے کل کہا کہ لوگ اپنے گھر کے ارد گرد رہنے والے رشتہ داروں سے مل سکیں گے جبکہ صحت اور ضروری کاموں کے لئے ہی آمد ورفت کی اجازت دی جائے گی۔ کونٹے نے ٹیلی ویژن پر دئے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ اٹلی میں 4 مئی سے لاک ڈاؤن میں جزوی چھوٹ کے تحت عوامی پارکوں میں جانے اور آؤٹ ڈور کھیل میں شامل ہونے کی اجازت د ی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ اور تعمیرات کے شعبہ میں چار مئی کے بعد سے کام شروع ہوجائیں گے ، جبکہ خوردہ کاروبار 18 مئی سے دوبارہ شروع کریں گے ۔ کونٹے نے کہا کہ کہیں پر بھی اکٹھا ہونے پر عائد پابندی اب بھی برقرار رہے گی اور تمام مقامات پر سوشل ڈسٹنسنگ کے قوانین پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ملک کے شہری دفاع کے محکمے کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس سے اب تک 26 644افراد ہلاک ہوئے جبکہ 197675 لوگ اس بیماری سے متاثر ہیں۔دوسری طرف برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن7 مئی سے پہلے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرسکتے ہیں۔ جانسن کے ایک معاون نے کل‘دی ٹیلی گراف’ کو بتایا‘‘برطانیہ میں لاک ڈاؤن سات مئی تک کیلئے ہے لیکن اگر جانسن چاہیں تو اس پابندی میں پہلے ہی تبدیلی یا پھر کوئی اعلان کر سکتے ہیں’’۔اخبار کے مطابق اگر کورونا وائرس کی روک تھام میں لگے ‘ماہرین’ نے منظوری دے دی تو برطانوی وزیراعظم لاک ڈاؤن میں ‘نرمی’ کرسکتے ہیں۔ جانسن کورونا وائرس پر قابو پانے کے بعد پیر سے اپنے کام پر واپس لوٹ آئے ہیں۔قابل غور ہے کہ جان ہاپکنس یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 154000 سے زیادہ لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس بیماری کی زد میں آنے کی وجہ سے 20 ہزار سے زائد افراد نے اپنی جان گنوا دی ہے۔