بغداد میں بم دھماکہ ، 24 افراد ہلاک و زخمی

   

بغداد : عراق کے دارالحکومت بغداد ایک بار پھر طاقت ور دھماکہ سے گونج اٹھا۔خبررساں اداروں کے مطابق یہ دھماکہ جمعرات کے روز شہر کے مشرقی علاقے الصدر سٹی میں حبیبیہ کے مقام پر کیا گیا۔ دھماکے کے لیے بارودی مواد سے بھری گاڑی استعمال کی گئی۔ حملے کے نتیجے میں 4افراد ہلاک اور 20زخمی ہوئے۔ دوسری جانب عراقی کردستان کے دارالحکومت اربیل میں ہوائی اڈے کے قریب واقع امریکی فوجی اڈے کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ڈرون سے نشانہ بنا یا گیا۔ اس حملے میں پہلی بار ڈرون کا استعمال کیا گیا۔ اربیل کے گورنر کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ حملے میں ایک گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔ جس وقت امریکی فوجی اڈے کے قریب راکٹ حملہ ہوا اسی کے آس پاس ترکی کے مشرقی شہر بشیقہ سے تقریباً 50 کلومیٹر دور ایک فوجی اڈے پر بھی راکٹوں سے حملہ کیا گیا، جس میں ایک تْرک فوجی جاں بحق ہوگیا۔