بغداد میں بم دھماکے ،4 مظاہرین ہلاک،20 زخمی

,

   

لندن/17 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق کے دارالحکومت بغداد میں بم د ھماکوں سے 4 مظاہرین ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایک بم دھماکا بغداد کے شمالی علاقے میں ہوا، جس میں 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس دھماکے میں 9 افراد کو شدید زخمی حالت میں طبی مراکز میں داخل کر دیا گیا۔ یہ دھماکا کار کے اگلے پہیوں کے درمیان نصب ایک دیسی ساختہ بم پھٹنے سے ہوا۔ جب کہ دوسرا بم دھماکا بغداد کے جنوبی علاقے میں ہوا، جس کے نتیجے میں 2افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جب کہ کئی شدید زخمی ہو گئے، جنہیں بھی فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ تحریر اسکوائر کے مشرق میں 4 صوتی بم پھٹے، جن میں سے 3 گیلانی گیس اسٹیشن اور چوتھا ایک کار کے ایندھن کے ٹینک کے نیچے ایوی ایشن یارڈ میں پھٹا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔دوسری جانب بغداد آپریشن کی کمان نے اعلان کیا ہے کہ شارع جمہوریہ کی سمت طیران اسکوائر اور خلانی درمیان راستے کو کھول دیا گیا ہے۔ ہفتے کی صبح جاری ایک بیان میں کمان نے التحریر اسکوائر اور اس کے اطراف پھیلے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاج کو پْر امن رکھیں اور سرکاری ونجی املاک کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ادھر عراق نے ایران کے ساتھ اپنی جنوبی سرحد پر قائم گزرگاہ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی۔ ذرائع کے مطابق ایران نے شلمچہ نامی اس گزرگاہ کو بند کرنے کی درخواست کی تھی۔