بغداد میں مظاہرین پر فائرنگ ،23 افراد ہلاک

,

   

بغداد،8 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے دارالحکومت بغداد میں حکومت کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں پر جمعہ کے روزنامعلوم مسلح افراد کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں مرنے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے اور 137 دیگر افراد زخمی ہیں۔سکیورٹی شعبہ سے منسلک ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ہفتہ کو بتایا‘‘نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے جمعہ کی شام مظاہرین پر کی گئی فائرنگ میں مرنے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے اور 137 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں’’۔ واضح ر ہے کہ چار پہیہ گاڑیوں میں آئے نامعلوم مسلح افراد نے وسطی بغداد کے الخلانی اسکوائر میں مظاہرہ کر رہے لوگوں پر فائرنگ کی ۔ اس واقعہ کے بعد عراق کے صدر برہم صالح کے دفتر نے مظاہرین پر حملے کو مجرمانہ حملہ قرار دیا تھا ۔ عراق کے لئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے جینن ہنیس نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا‘‘حکومت کو مجرموں کی شناخت کرنی چاہئے اور بغیر کسی تاخیر کے قانونی کارروائی کرنی چاہئے ’’ ۔ واضح ر ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں وسیع اصلاحت ، بدعنوانی کی روک تھام ، لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مطالبات کے سلسلے میں اکتوبر کے اوائل سے ہی مظاہرے ہو رہے ہیں ۔