بغیر اجازت حج کی کوشش پر سلطنت سے 10 سال کیلئے باہر

,

   

ریاض / جدہ : کورونا وائرس بڑی حد تک دنیا سے ختم ہوچکا ہے لیکن سعودی عرب میں حج و عمرہ عازمین کیلئے حتی الامکان حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ پاسپورٹس کے ادارہ (جوازات) نے انکشاف کیا ہے کہ بغیر اجازت حج کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایسا کوئی بھی فرد پکڑا جاتا ہے تو اسے سلطنت سے 10 سال کیلئے باہر کردیا جائے گا ۔ اس مدت میں وہ کسی بھی نوعیت کا ویزا حاصل نہیں کرپائے گا ۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ویزٹ ویزا کو ریسیڈنسی پرمٹ (اقامہ) میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ 2020 ء سے حج و عمرہ کووڈ سے متاثر رہا ہے ۔ 2020 اور 2021 ء دو سال بیرون سعودی عرب کے عازمین کو حج کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ اس مرتبہ حج 2022 ء کیلئے بیرون سلطنت سے محدود تعداد میں عازمین کو حج پرمٹ جاری کئے جارہے ہیں ۔ دریں اثناء سعودی عرب نے عازمین حج کے فضائی سفرکے سلسلہ میں ایرلائنس کیلئے قواعد جاری کئے گئے ہیں ۔ سعودی جنرل اتھاریٹی آف سیول ایویشن کے حوالے سے میڈیا نے بتایا ہے کہ ان قواعد کا سلطنت کے ایرپورٹس سے اڑان بھرنے والے تمام فلائیٹس پر اطلاق ہوگا جن میں پرائیویٹ ایر لائنس کی پروازیں شامل ہیں ۔ تمام ایرلائینس کو صحت سے متعلق درکار شرائط کی تکمیل کرنا ہوگا اس کے بغیر مسافر عزم حج کیلئے سعودی عرب نہیں آپائیں گے ۔ نئے قواعد کے مطابق عازمین حج کو 65 سال کی عمر سے کم ہونا چاہئیے ۔ وہ کووڈ ۔ 19 ویکسین کے بنیادی خوراک لے چکے ہوں ۔ اور روانگی سے 72 گھنٹے کے اندرون ان کا پی سی آر ٹسٹ منفی ہونا چاہئیے جس کی رپورٹ پیش کرنی ہوگی ۔ سلطنت کی بڑی ایرلائن سعودیہ نے عازمین کیلئے 14 طیارے مختص کئے ہیں جو 268 انٹرنیشنل فلائیٹس دنیا بھر کی 15 مختلف مقامات سے پورے کریں گے ۔ اس کے علاوہ 32 ڈومیسٹک فلائیٹس بھی عازمین حج کیلئے کام کریں گے ۔ مجموعی طور پر تقریباً 1,07,000 بین الاقوامی اور 12800 ڈومیسٹک نشستیں عازمین حج کیلئے فراہم کی جائیں گی ۔ 2 سالہ وقفہ کے بعد حج بڑے پیمانے پر منعقد کیا جارہا ہے ۔