سٹی پولیس کی کارروائیوں میںسختی ۔ 12 افراد کو دو تا تین دن کی سزا
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو جیل کی سزا ہوسکتی ہے ۔ سٹی پولیس کی تازہ کارروائی میں عدالت نے 12 افراد کو جیل کی سزا سنائی ہے جو بغیر لائسنس کے گاڑی چلا رہے تھے ۔ ٹریفک پولیس کے بیان میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ ماہ اگسٹ کے آغاز سے اختتام تک یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی میں پولیس نے ایک ماہ کے عرصہ میں 1304 افراد کو قصور وار قرار دیا اور عدالت میں پیش کیا ۔ جس میں 216 کو سزاء سنائی گئی۔ جبکہ 3 شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس کو مستقل منسوخ کردیا گیا ۔ 59 افراد کے لائسنس کو چھ ماہ تا 10 سال کیلئے منسوخ کیا گیا۔ اس طرح بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 4 افراد کو تین دن اور 8 افراد کو 2 دن کی سزا سنائی گئی ہے۔ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے 3 افراد کو دو دن ایک شہری کو 5 دن ، 4 شہریوں کو 4 دن ،21 شہریوں کو تین دن ، 64 شہریوں کودو دن اور 19 شہریوں کو ایک دن کی سزا سنائی گئی۔ جبکہ 104 افراد کو عدالت کی کارروائی تک روکا گیا۔ عدالت نے ایک شہری کے لائسنس کو 10 سال ‘تین شہریوں کے 5 سال، 4 شہریوں کے تین سال ، 8 کے 2سال اور ایک کے ایک سال اور 41 شہریوں کے لائسنس کو 6 ماہ کیلئے منسوخ کردیا۔
