کابل : افغان ایئر لائنز کے حکام نے کہا ہے کہ طالبان نے مرد سرپرست کے بغیر سفر کرنے والی درجنوں خواتین کو فلائٹ پر سوار ہونے سے روک دیا ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حکام نے شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمعہ کو کابل انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آنے والی درجنوں خواتین کو طالبان نے اندرون ملک اور بین الاقوامی فلائٹس پر سوار ہونے سے روک دیا۔یہ خواتین مرد سرپرست کے بغیر سفر کر رہی تھیں۔ان میں سے کچھ خواتین دوہری شہریت رکھتی تھیں جو بیرون ملک واپس جا رہی تھیں۔ ان میں سے کچھ خواتین کا تعلق کینیڈا سے تھا۔حکام کے مطابق افغان کام ایئر اور سرکاری ایئر لائن آریانہ کی اسلام آباد، دبئی اور ترکی جانے والی پروزاوں پر محرم کے بغیر خواتین کو سفر نہیں کرنے دیا گیا۔ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ خواتین کو سفر سے روکنے کے احکامات طالبان کی قیادت سے ملے تھے۔عہدیدار کے مطابق ہفتہ تک چند خواتین کو اجازت مل گئی تھی کہ وہ مغربی صوبہ ہرات جانے والی آریانہ ایئر لائن کے ذریعے سفر کر سکتی ہیں تاہم تب تک پرواز جا چکی تھی۔ طالبان تحریک سے تعلق رکھنے والے ایئر پورٹ کے صدر اور پولیس چیف نے ہفتہ کو ایئر لائنز کے حکام سے ملاقاتیں بھی کی۔عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔