کورونا ویکسین لیے بغیر ہی رشوت کے ذریعہ سرٹیفیکٹ کی اجرائی ، جانچ کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل پر غور
حیدرآباد۔6اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں کورونا وائرس کے ٹیکوں سے زیادہ ٹیکوں کے سرٹیفیکٹ کی مانگ میں ہونے والے اضافہ نے ڈاکٹرس اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو تشویش میں مبتلاء کردیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ٹیکہ اندازی کے بغیر جاری کئے گئے سرٹیفیکیٹ کے سلسلہ میں جانچ کے لئے خصوصی ٹیم کی تشکیل کے اقدامات کئے جا رہے ہیں کیونکہ کئی مقامات بالخصوص شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں اور پرانے شہر کے کئی ٹیکہ اندازی مراکز سے اس بات کی شکایات موصول ہوچکی ہیں کہ ان مراکز پر ٹیکہ دیئے بغیر سرٹیفیکیٹ جاری کئے جا چکے ہیں ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں قائم کئے جانے والے ٹیکہ اندازی مراکز سے جاری کئے جانے والے سرٹیفیکیٹ اور ٹیکہ حاصل کرنے والوں کی جانچ کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے خصوصی ٹیم کے ذریعہ اس بات کی جانچ کروائی جا رہی ہے کہ کن مراکز سے سرٹیفیکیٹ جاری کئے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تیار کردہ کو ون ایپ پر تفصیلات کے اندراج کے بغیر ٹیکہ کا حصول اور سرٹیفیکیٹ کی اجرائی ممکن نہیں ہے لیکن بیرون ملک سفر کرنے کے خواہشمندوں نے بغیر ٹیکہ حاصل کئے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور ان اطلاعات کے منظر عام پر آنے کے بعد اب کئی مراکز سے یہ سرٹیفیکیٹ جاری کئے جانے لگے ہیں اور ٹیکہ ان لوگوں کو دیا جا رہاہے جنہیں سرٹیفیکیٹ سے زیادہ ٹیکہ کے حصول کے ذریعہ اپنے تحفظ کی فکر لاحق ہے۔ دونو شہروں کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اس سلسلہ میں تفصیلات جمع کرنے کا عمل شروع کردیا ہے اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہناہے کہ یہ شکایات غیر درست نہیں ہیں بلکہ ان شکایات میں بڑی حد تک سچائی ہے اور جو لوگ ٹیکہ حاصل نہیں کرنا چاہ رہے ہیں وہ سرٹیفیکیٹ کے حصول پر اکتفاء کرنے لگے ہیںاور اب یہ بات عام ہونے کے بعد ریاست بھر میں کورونا وائرس کا ٹیکہ حاصل کئے بغیرسرٹیفیکیٹ کے حصول کے خواہشمندوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے اور اس اضافہ کو دیکھتے ہوئے سرٹیفیکیٹ فروخت کرنے والوں کی جانب سے سرٹیفیکیٹ کی قیمت کو دوگنا کردیا گیا ہے اور جو ٹیکہ سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے بعد بھی نہیں لے رہے ہیں ان ٹیکوں کو ٹیکہ اندازی مراکز پر خدمات انجام دینے والوں کی جانب سے فروخت کیا جا نے لگا ہے اور ٹیکہ کی قیمت سرٹیفیکیٹ سے کم وصول کی جا رہی ہے جبکہ سرٹیفیکیٹ کیلئے 1200 سے 1500 روپئے وصول کئے جا رہے ہیں۔