ابو ظہبی۔18جون (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں حکام نے اعلان کیا ہے کہ ابو ظہبی میں رہائش پذیر افراد اب بغیر پرمٹ کے شہر سے باہر جا سکیں گے۔امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ابوظہبی میں رہنے والے افراد شہر سے باہر تو پرمٹ کے بغیر جاسکیں گے لیکن شہر میں داخل ہونے کے لئے ابو ظہبی پولیس کے جاری کردہ اینٹری پرمٹ کی ضرورت پھر بھی ہوگی۔ ابو ظہبی میں داخلہ اورشہر سے باہر جانا رات 10 سے صبح چھ بجے تک نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ نیشنل سٹیرلائزیشن پروگرام کے تحت طے کیا ہوا وقت ہے۔یہ فیصلہ ابوظہبی کی ایمرجنسی، کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے کیا ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ابوظہبی میں آمد ورفت اور امارات کے تین اہم علاقوں کے درمیان سفر پر پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کی۔ اس میں دوسری مرتبہ توسیع کی گئی تھی۔ ابوظہبی، العین اور الظفرہ کے درمیان نقل وحرکت جبکہ ابوظہبی میں مقیم افراد کے آنے جانے پر پابندی رہے گی۔