بقرعیدکے موقع پر غیر قانونی ذبیحہ روکنے ہائی کورٹ کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

دو ہفتوں میں رپورٹ طلب، قانونی ذبیحہ کی اجازت دی جائے
حیدرآباد۔ بقرعید کے موقع پر غیر قانونی ذبیحہ کو روکنے کیلئے ہائی کورٹ نے حکومت کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ غیر قانونی ذبیحہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کے سلسلہ میں ڈاکٹر ششی کلا کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ حکومت کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ حیدرآباد اور رنگاریڈی میں غیر قانونی ذبیحہ کو روکنے کیلئے بعض مراکز کی جانچ کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں 2 کیس درج کئے گئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ذبیحہ قانون کے مطابق ہونا چاہیئے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ماہرین کے مطابق گوشت کے ذریعہ امراض کے پھیلنے کا اندیشہ ہے اور چین میں گوشت کے سبب ہی کورونا کے پھیلاؤ کی اطلاع ہے۔ حکومت کو آئندہ دو ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ قبل ازیں عدالت نے گائے کے ذبیحہ کو روکنے کے سلسلہ میں مرکز اور تلنگانہ حکومت کو نوٹس جاری کی ہے۔ تروملا ۔ تروپتی دیواستھانم کے رکن کے شیوا کمار کی جانب سے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس وجئے سین ریڈی نے حکام کو ہدایت دی کہ گائے اور اونٹ کی قربانی روکنے کے اقدامات کریں۔ درخواست گذار نے جانوروں کی غیر قانونی منتقلی کی شکایت کی اور کہا کہ روکنے کیلئے حکام کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔