بقیہ آئی پی ایل 18 ستمبر تا 10 اکتوبر متوقع

   

کریبین پریمئر لیگ کو پیشگی شروع کرنے کیلئے کرکٹ ویسٹ انڈیز سے بی سی سی آئی کا ربط

نئی دہلی : بی سی سی آئی کی جانب سے کوشش ہو رہی ہے کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز کو کریبین پریمئر لیگ ایک ہفتہ یا 10 یوم قبل شروع کرانے پر راضی کرلیا جائے تاکہ آنے والے ستمبر میں یو اے ای میں آئی پی ایل کے احیاء کے لئے کھلاڑیوں کی کسی مشکل کے بغیر منتقلی کو یقینی بنایا جاسکے۔ کووڈ ۔ 19 وباء کے سبب اپنے 14 ویں سیزن میں اچانک درمیان میں معطل انڈین پریمئر لیگ کو بی سی سی آئی نے گزشتہ روز ستمبر کے وسط میں متحدہ عرب امارات میں شروع کرنے کو منظوری دے دی۔ سی پی ایل 28 اگست سے طے کیا گیا ہے اور اس کا فائنل 19 ستمبر کو کھیلا جانا ہے جبکہ آئی پی ایل کا بقیہ حصہ 18 ستمبر سے 10 اکتوبر تک منعقد کئے جانے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو سنبھلنے کا کوئی وقت نہیں ملے گا۔ بی سی سی آئی کے ذریعہ نے اتوار کو بتایا کہ بورڈ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ساتھ بات چیت کررہا ہے۔ بورڈ کو امید ہے کہ اگر سی پی ایل کو چند روز قبل مکمل کرلیا جائے تو تمام کھلاڑیوں کے لئے بروقت دوبئی پہنچنے میں مدد ملے گی اور وہ تین روز کے لازمی کورنٹائن کی تکمیل کر پائیں گے۔ اگر بی سی سی آئی اور سی ڈبلیو آئی تواریخ کے معاملہ میں مفاہمت کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو بعض بڑے کھلاڑی آئی پی ایل کے ابتدائی چند مقابلے اور ہوسکتا ہے نصف حصہ سے محروم ہو جائیں۔