بلاخوف و خطر ووٹ کا استعمال کرنے رائے دہندوں سے چیف الیکٹورل آفیسر کی اپیل

   

پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی، موبائل فون ڈپازٹ سنٹرس کا قیام
حیدرآباد 10 نومبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلاخوف و خطر اپنے ووٹ کا استعمال کریں کیوں کہ آزادانہ، منصفانہ اور پرامن رائے دہی کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ سدرشن ریڈی نے جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کے رائے دہندوں کے لئے ایک پیام جاری کیا جس میں رائے دہی کی تیاریوں کی تفصیلات اور پولنگ اسٹیشنوں میں دی جانے والی سہولتوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ سدرشن ریڈی کے مطابق رائے دہی کے لئے 2060 انتخابی عملہ کو تعینات کیا گیا ہے جنھیں باقاعدہ طور پر انتخابی عمل کے بارے میں ٹریننگ دی گئی ہے۔ اِن میں پریسائڈنگ آفیسرس اور اسسٹنٹ پریسائڈنگ آفیسرس شامل ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن میں 4 بیالٹ یونٹ، ایک کنٹرول یونٹ اور ایک وی وی پیاٹ فراہم کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنس کے مطابق 2394 بیالٹ یونٹس، 561 کنٹرول یونٹس اور 595 وی وی پیاٹ کی جانچ کی گئی جس کے بعد پولنگ اسٹیشنوں کو الاٹ کیا گیا۔ کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم یوسف گوڑہ میں ڈسٹری بیوشن، رسپشن اور کاؤنٹنگ سنٹر رہے گا۔ انتخابی میٹریل کی سربراہی کے لئے 38 کاؤنٹرس قائم کئے گئے۔ جوبلی ہلز میں 139 مقامات پر 407 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں اور تمام گراؤنڈ فلور پر رہیں گے۔ پولنگ اسٹیشنوں میں پینے کے پانی کے علاوہ ٹائلیٹ، ریمپ، مناسب برقی اور معمرین و معذورین کے لئے سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ پولنگ اسٹیشن میں رائے دہندوں کو موبائل فون ڈپازٹ کرنے کے لئے خصوصی موبائل فون ڈپازٹ سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ پولنگ اسٹیشن میں داخلہ کے وقت موبائل فون کو ڈپازٹ کرتے ہوئے واپسی میں حاصل کرنا ہوگا۔ سدرشن ریڈی نے بتایا کہ رائے دہندوں میں شعور بیداری مہم کے ذریعہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کی رہنمائی کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ صبح 7 تا شام 6 بجے تک رائے دہی کے اوقات ہیں اور 6 بجے سے قبل پولنگ اسٹیشن کے حدود میں رہنے والے رائے دہندوں کو 6 بجے کے بعد بھی رائے دہی کی اجازت دی جائے گی۔ رائے دہی سے متعلق کسی بھی شکایت کے لئے 1950 ہیلپ لائن سہولت حاصل رہے گی۔1