بلارم پولیس سب انسپکٹر اور کانسٹبل رشوت کے الزام میں گرفتار

   

حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے رشوت طلب کرنے کے الزام میں بلارم پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر ایس برہما چاری نے ایک کیس کے ملزم نرسنگ راؤ کو گرفتار نہ کرنے کیلئے اس سے 25 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں ملزم کی بیوی کے این امبیکا نے اینٹی کرپشن بیورو سے اس سلسلے میں شکایت درج کروائی۔ بیورو کے عہدیداروں نے بتایا کہ مذکورہ سب انسپکٹر نے اسی پولیس اسٹیشن کے کانسٹیبل ناگیش کے ذریعہ رشوت کی رقم راست طور پر حاصل کی اور بعدازاں رشوت کی باقی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروائی۔ شواہد کی بنیاد پر اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے سب انسپکٹر برہما چاری اور کانسٹیبل ناگیش کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں خصوصی عدالت برائے انسداد رشوت ستانی میں پیش کیا۔