میسورو، 18 جنوری (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اتوار کے روز بلاری فائرنگ کیس مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کے حوالے کرنے کے بی جے پی کے مطالبے کی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے بی جے پی پر جمہوری اصولوں کو کمزور کرنے کا الزام لگایا۔یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سدرامیا نے کہا کہ بی جے پی کا سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ تشویشناک ہے ۔ انہوں نے بی جے پی سے کہا کہ وہ پہلے اپنا ریکارڈ بتائے جب وہ اقتدار میں تھی۔ وزیر اعلیٰ نے سوال کیا، ”بی جے پی ہمیں بتائے کہ اس نے پہلے کون سے کیسز سی بی آئی کو دیے ؟ جب وہ اقتدار میں تھی تو اس نے کون سے کیسز دیے تھے ؟ اسے اس طرح کے مطالبات کرنے کا کیا اخلاقی حق حاصل ہے ؟”سدرامیا نے کہا کہ ان کی حکومت نے ماضی میں کئی حساس کیسز سی بی آئی کو بھیجے ہیں، جو شفافیت اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے تئیں ان کے عزم کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے پوچھا، ”میں نے پہلے آٹھ کیسز سی بی آئی کو دیے ہیں۔ میں نے جارج کیس اور سوجنیا کیس سی بی آئی کو دیا۔ بی جے پی نے کون سا کیس دیا؟”۔