بلاسٹ ٹی 20 میں اسٹرلنگ نے ایک اوور میں 34 رنز بنا ڈالے

   

لندن: آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ اپنی جارح مزاج بلے بازی کی وجہ سے مشہور ہیں اور جب تک وہ وکٹ پر ہوں تو مخالف ٹیم کے بولرز کو کافی پریشان کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک مظاہرہ انہوں نے انگلینڈ میں جاری ویٹالٹی بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی کے دوران بھی کیا۔ اسٹرلنگ نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ایک اوور میں 34 رنز بنائے بلکہ 51 گیندوں پر برق رفتار 119 رنز کی اننگز بھی کھیلی۔ بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی میں برمنگھم بیئرز کی جانب سے نارتھمپٹن شائر کے خلاف کھیلتے ہوئے اسٹرلنگ نے اننگز کے تیرہویں اوور میں جیمز سیلز کو نشانے پر رکھا اور انہیں ایک ہی اوور میں 5 چھکے اور ایک چوکا جڑا۔ پال اسٹرلنگ نے جیمز سیلز کے اوور کی پہلی 5 گیندوں پر 5 چھکے لگائے تاہم اوور کی آخری گیند ٹھیک طرح سے ان کے بلے پر نہ آ سکی اور وکٹ کیپر کے ساتھ سے ہوتی ہوئی 4 رنز کیلئے باؤنڈری سے باہر چلی گئی۔ اس طرح انہوں نے ایک اوور میں 34 رنز بنائے۔ اس میچ میں برمنگھم بیئرز نے مجموعی طور پر 16 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز اسکور کیے جس میں سیم ہینز کے 32 گیندوں پر دھواں دھار 66 رنز بھی شامل تھے۔