اہل خیر حضرات کی فلاحی خدمات سے متاثرہ افراد کی مدد
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) ایک ایسے وقت جبکہ نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں کووڈ۔ 19 کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن چل رہا ہے۔ ایسے میں متعدد ممالک میں 50 یوم سے زائد لاک ڈاؤن کے دن گذر گئے ہیں جبکہ ہندوستان کے تلنگانہ ریاست میں بھی لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری جاری ہے۔ تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد میں کئی علاقہ جات قائم ہیں جہاں کی بیشتر آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گذار رہی ہے۔ ایسے میں حکومت کے علاوہ متعدد فلاحی تنظیمیں رضاکارانہ طور پر عوام کی خدمات کرتے ہوئے انہیں غذائی اجناس فراہم کررہی ہے جو کہ غریبوں کیلئے راحت کا باعث ثابت ہورہی ہے۔ رضاکارانہ اور فلاحی تنظیمیں غریبوں اور فٹ پاتھس کے علاوہ بے یارو مددگار افراد کیلئے غذائی اشیاء ،تیار کھانا اور اجناس کے ذریعہ مدد کررہے ہیں۔ عوام کی مدد کے دوران بلالحاظ مذہب و ملت یہ خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ہے کہ گزشتہ پچاس یوم سے بہت سارے لوگ بیروزگار ہوگئے ہیں کیونکہ یہ افراد روزمرہ محنت و مزدوری کے ذریعہ اپنے افراد خاندان کی کفالت کرتے تھے تاہم اچانک لاک ڈاؤن کے نفاذ سے یہ خاندان کسی قدر پریشان ہوگیا تھا۔ انہیں بلالحاظ مذہب و ملت مدد کرنا ان کیلئے ایک نعمت سے کم نہیں ۔