بلاوجہ گھروں سے نکلنے پر فوجداری مقدمات : مہیش بھگوت

   

حیدرآباد : کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے عوام سے درخواست کی کہ وہ بغیر کسی اشد ضرورت اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں۔ بلاوجہ اور غیرضروری سڑکوں پر گھومنے والوں کے خلاف اب فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے۔ انہوں نے آج بالاپور اور توکوگوڑہ علاقوں کا دورہ کیا۔ قومی شاہراہ اور آوٹر رنگ روڈ سے مربوط توکوگوڑہ چیک پوسٹ پر لاک ڈاؤن انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد کمشنر پولیس نے بتایا کہ انٹر سٹی بسوں اور مال برداری گوڈس گاڑیوں کے رخ کو آوٹر رنگ روڈ سے موڑ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری احکامات کے بعد گوڈس گاڑیوں کو رات 9 بجے سے صبح 8 بجے تک شہر میں داخلہ اور لوڈنگ ان لوڈنگ کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سے قبل گاڑیوں کو شہر میں داخلہ نہیں دیا جارہا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تاحال 4 ہزار مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور لاک ڈاؤن احکامات کی خلاف ورزی نہ کریں۔