بلاوجہ گھر سے باہر آنے پر مقدمات اور کارروائی و گاڑیوں کو ضبطی کا انتباہ

   

پولیس ملازمین کی خدمات کی ستائش، وی سی سجنار کمشنر پولیس سائبرآباد کا دورہ عطاپور
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) بلاوجہ مکانات سے باہر آنے پر گاڑیوں کو ضبط کرنے کے علاوہ شہریوں کے خلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی ۔ انہوں نے آج کوویڈ 19 کے لاک ڈاؤن انتظامات کا جائزہ لیا اور اس سلسلہ میں عطاپور علاقہ پہونچے اور کمشنر پولیس نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس ملازمین کی خدمات کی ستائش کی اور ان سے بات چیت کرتے ہوئے مسائل سے آگہی حاصل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے دوران عوام کا بہترین تعاون رہا اب دوسرے مرحلہ کے تحت بھی عوام سے پولیس اس طرح کی توقع رکھتی ہے ۔ کمشنر پولیس نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں چونکہ اس خطرناک اور مہلک مرض کا کوئی علاج نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی دوا دریافت ہو پائی ہے ۔ لہذا احتیاط ہی اس کا علاج ہے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ضرورت کے لحاظ سے اپنے مکانات سے باہر نکلنے والے شہریوں کی جانچ کی جارہی ہے اور تین کیلومیٹر کے احاطہ میں باہر آنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں 50 چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر تاحال 5 لاکھ مقدمات درج کئے گئے اور 12 ہزار گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ۔ اس کے علاوہ لاک ڈاؤن قوانین کے خلاف ورزی کرنے پر 12سو افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ سائبرآباد پولیس کی جانب سے 105 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جو 24 گھنٹے لاک ڈاؤن اور کرفیو کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ کوویڈ 19 کنٹرول روم کے ذریعہ حاصل شکایتوں اور درخواستوں پر شہریوں کی طبی ا مداد بھی مثالی انداز میں کی جارہی ہے ۔