بلاول بھٹو سے سعودی عرب میں پاکستان کے نامزد سفیر کی ملاقات

   

ریاض: پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے پیر کوسعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر احمد فاروق نے ملاقات کی ۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں‘۔بلاول بھٹو نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔انہوں نے نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے پاکستانی سفیر احمد فاروق کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔قبل ازیں سعودی عرب میں پاکستان کے نامزد سفیر احمد فاروق نے صدر عارف علوی، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی تھی۔ملاقات میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے‘۔ ‘دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہو گا۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔‘