اسلام آباد۔ پاکستان کے سابق صدر آصف زرداری نے صحافی کے بلاول بھٹو کے وزیرخارجہ بننے سے متعلق سوال پر معنی خیز جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو پرائم منسٹر بنے گا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری پارلیمنٹ ہاوس پہنچے تو صحافی نے سوال کیا آپ نے اپوزیشن کا جو گلدستہ بنایا ہے، کتنی دیر تک اتحاد چلے گا ، جس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ اچھی اچھی باتیں کیوں نہیں کرتے ہو۔ صحافی نے آصف زرداری سے سوال کیا بلاول بھٹو وزیرخارجہ بنیں گے، جس پر آصف زرداری نے معنی خیز جواب دیتے ہوئے کہا بلاول بھٹو پرائم منسٹر بنے گا۔ سابق صدر نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں کہا کہ میرا خیال ہے پیپلزپارٹی وزارتیں نہیں لے رہی، کوشش ہے پیپلزپارٹی وزراتیں نہ لے، ہم چاہتے ہیں وزارتوں سے متعلق دوستوں کو پہلے ایڈجسٹ کریں۔ خیال رہے کہ داخلہ اورقانون کی وزارت پر پیپلز پارٹی اورن لیگ میں اختلاف ہوگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی نے رات گئے داخلہ اورقانون کی وزارتیں بھی مانگ لی ہیں۔