بیلجیم : بیلجیم نے مسلمانوں کو اشتعال دلانے کے لیے قرآن پاک کی بے حرمتی کی منصوبہ بندی کرنے والے ڈنمارک کے 5 شہریوں کو گرفتار کرکے ملک بدر کردیا۔خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد ‘اسٹرام کورز’ یا ‘ہارڈ لائن’ کے اراکین تھے، جس کی سربراہی ڈنمارک کے اسلام مخالف اور مائیگریشن مخالف انتہا پسند راسموس پلوڈان کر رہے ہیں۔گروپ کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے پیچ کے مطابق پلوڈان خود فرانس میں گرفتار ہوئے تھے اور وہاں سے انہیں واپس بھیج دیا گیا تھا۔اسٹرام کورز یورپ کے شمالی خطے (اسکینڈینیویا) میں اشتعال انگیز اقدامات کے لیے مشہور ہے اور بیلجیم کے حکام کا ماننا ہے کہ گروپ نے دارالحکومت برسلز کے ضلع مولن بیک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جہاں مراکش سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے مبینہ منصوبے کے حوالے سے حقائق برسلز میں واقع پراسیکیوٹر کے دفتر کو بھیج دیے تھے۔