بروسلز ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بلجیم حکومت نے عالمی وبا کورونا کے سبب ملک میں لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کے تیسرے مرحلے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم صوفی ولیمز نے مختلف سیاسی جماعتوں پر مشتمل نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔لاک ڈاؤن ختم کرنے کا یہ آخری مرحلہ بھی کئی ذیلی مراحل پر مشتمل ہوگا۔ اس مرحلے میں آئندہ پیر 8 جون سے بیلجیئم بھر میں ہوٹل، بار ریسٹورنٹ اور فٹنس کلب کھولے جا سکیں گے لیکن یہاں ڈیڑھ میٹر کے حفاظتی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا۔ مساجد بھی کھلیں گی لیکن بڑی سے بڑی مسجد میں بھی سو سے زیادہ نمازی نہیں ہونگے۔مساجد میں نماز کی ادائیگی کے حوالے سے اماموں کی ایگزیکٹو کونسل نے علیحدہ سے ہدایات جاری کی ہیں، 15 جون سے بین الاقوامی سرحدیں کھل جائیں گی۔