انتخابی مہم سے ہریش راؤ کا خطاب، ترقیاتی اقدامات کا وعدہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ بلدیات میں بہتر ترقی کیلئے ٹی آر ایس کو ووٹ دیں ۔ حکومت نے گزشتہ 6 برسوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ نئے اضلاع کی تشکیل کے ساتھ پنچایتوں کو میونسپلٹیز کا درجہ دیا گیا تاکہ ترقیاتی کام انجام دیئے جاسکے۔ ہریش راؤ نے رکن پارلیمنٹ میدک کے پربھاکر ریڈی ، رکن اسمبلی جی مہیپال اور دیگر قائدین کے ہمراہ ضلع کے مختلف منڈلوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ تلاپور میں خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے پنچایت کو میونسپلٹیز کا درجہ دیا ہے۔ موجودہ عوامی ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے میونسپلٹی تشکیل دی گئی ۔ چیف منسٹر اسے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں ضم کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے ۔ تاہم رکن اسمبلی مہیپال ریڈی نے علحدہ میونسپلٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا جس کے بعد پنچایت کو میونسپلٹی کا درجہ دیا گیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پنچایت میں منصوبہ بند انداز میں ترقی ممکن نہیں ہے۔ آبادی میں اضافہ کے اعتبار سے میونسپلٹیز میں ترقیاتی کاموں کی بہتر منصوبہ بندی کی جاسکتی ہے ۔ پنچایت میں صرف سرپنچ اور پنچایت سکریٹری ہوتے ہیں جبکہ میونسپلٹی میں بلڈنگ ، پلان ، آبرسانی ، برقی ، سنیٹیشن ، انجنیئرنگ اور دیگر علحدہ شعبہ جات کے عہدیدار موجود رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں اس گاؤں کے سرپنچ کو بہتر کارکردگی پر ایوارڈ دیا گیا تھا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ یہ علاقہ بہتر نظم و نسق کے لئے شہرت رکھتا ہے اور یہاں رشوت خوری کا کوئی تصور نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری کرشنا اور منجیرا سے میدک کے مختلف علاقوں کو پانی کی سربراہی کا منصوبہ ہے۔ آوٹر رنگ روڈ سے کرشنا ، گوداوری اور منجیرا کا پانی حیدرآباد کو سربراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ ہریش راؤ نے موضع میں پولیس آؤٹ پوسٹ ، ڈمپنگ شیڈ کی تعمیر اور برقی مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا ۔