نارائن پیٹ میونسپل کمشنر کو رکن اسمبلی پرنیکا ریڈی کی ہدایت، ماہانہ اجلاس کا انعقاد
نارائن پیٹ /20 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بحیثیت رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد اب میری کوئی جماعت تک محدود سرگرمیاں نہیں ہوں گی ۔ میری پارٹی اب عوامی پارٹی ہوگی ۔ پہلے جو کچھ بھی ہوا اس کو نظر انداز کرتے ہوئے اب نارائن پیٹ بلدیہ کی ترقی میرا مقصد ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر چٹم پرنیکا ریڈی رکن اسمبلی نارائن پیٹ نے اپنے انتخاب کے بعد پہلی مرتبہ بلدیہ نارائن پیٹ کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد پارٹیوں سے قطع نظر عوام کے مسائل حل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو کچھ بھی ہوا اس کا تذکرہ غیر ضروری ہے ، آئیے اب سب مل بیٹھ کر بلدیہ اور نارائن پیٹ کی ترقی کی بات کریں ۔ بلدیہ نارائن پیٹ کے ماہانہ اجلاس کی صدارت صدرنشین بلدیہ شریمتی گندے انسویا چندر کانت نے کی ۔ جبکہ کمشنر بلدیہ شریمتی سنیتا ، منیجر بلدیہ جناب محمد یوسف ، انجینئیر بلدیہ مسٹر مہیش کے علاوہ ارکان بلدیہ و معاون ارکان بلدیہ نے شرکت کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر چٹم پرنیکا ریڈی نے نئے میونسپل ایکٹ کے مطابق گذشتہ چند کونسل میٹنگوں میں میڈیا کو اجازت نہ دینے کے بارے میں احکامات سے متعلق استفسار کیا اور کمشنر بلدیہ کو ہدایت کی کہ میڈیا کو کونسل میٹنگ میں شرکت کی اجازت دیں ۔ اس اجلاس میں ارکان بلدیہ نے اپنے اپنے وارڈوں کے مسائل پر گرما گرم بحث کی ۔ رکن بلدیہ مسٹر محمد سلیم ( کانگریس) نے رکن اسمبلی کو بتایا کہ پچھلے چار سال سے نارائن پیٹ بلدیہ کے ترقیاتی کام ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں جس کی بی جے پی ارکان نے تائید کی ۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ جو کچھ ہوا اب اس کو بھول جائیں اور سب مل کر اب ترقی کے لئے کام کریں گے ۔ اس موقع پر صدرنشین کمشنر اور ارکان بلدیہ نے نومنتخبہ رکن اسمبلی کی کثرت سے گلپوشی کی اور مبارکباد دی ۔