بلدیہ بودھن کے سالانہ اجلاس کا انعقاد

   

51 کروڑ 72 لاکھ روپئے کا بجٹ پیش ، کوویڈ پر قابو پانے ممکنہ تعاون پر زور

بودھن ۔ مجلس بلدیہ بودھن کا سالانہ بجٹ برائے سال 2021-22 کیلئے جملہ 51 کروڑ 72 لاکھ روپئے چیرپرسن بلدیہ ٹی پدما نے خصوصی بجٹ اجلاس میں پیش کیا ۔ جس میں 13 کروڑ 8 لاکھ بشمول سات کروڑ دس لاکھ شعبہ محاصل کے علاوہ دو کروڑ 26 لاکھ شہری ترقیاتی شعبہ کو مقامی عوام سے موصول ہونے کا تخمینہ لگایا گیا اور اس طرح سے سال 2021-22 کے دوران ریاستی حکومت سے 33 کروڑ 28 لاکھ روپئے امداد متوقع موصول ہونے کی سالانہ بجٹ رپورٹ میں شامل کیا گیا اور پانچ کروڑ 36 لاکھ روپئے فی الفور جمع رقم بلدیہ کے کھاتے میں موجود ہونے کا انکشاف کیا گیا ۔ اس بلدیہ کے خصوصی بجٹ اجلاس میں ضلع جوائنٹ کلکٹر لتا نے بحیثیت اسپیشل افسر شرکت کیا اور انہوں نے ارکان بلدیہ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی سطح پر پھیلی ہوئی وباء کوویڈ 19 کے تدارک کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے رہنمایانہ اصولوں پر سختی سے عمل کرتے ہوئے وباء کو قابو میں رکھنے ہر کوئی بھرپور تعاون کریں ۔ اس اجلاس میں کمشنر بلدیہ بودھن رام لنگم نے بھی شرکت کیا اور انہوں نے ارکان بلدیہ کو سالانہ بجٹ میں شامل جمع خرچ کے تعلق سے درج امور کو پڑھ کر سنایا ۔ بشمول چیرمین اور کوآپشن ارکان کے جملہ 42 ارکان کونسل میں موجود ہے ۔ جن میں نصف تعداد کی مادری زبان اردو ہے لیکن بجٹ اجلاس کا سائن بورڈ صرف ایک زبان تلگو میں لکھ کر لگایا گیا تھا ۔