پارٹی قائدین و کارکنوں کے اجلاس سے رکن اسمبلی کا خطاب ، کانگریس پر وعدہ فراموشی کا الزام
سدا سیو پیٹ ۔ 6 جنوری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدی انتخابات کے پیش نظر سداشیو پیٹ بی آر ایس ٹاؤن کے صدر چیلا ملنا کی صدارت میں شہر کے 26 وارڈوں کے اہم قائدین کے ساتھ ایک اجلاس کا انعقاد عمل میںآیا جس میں چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔ ایم ایل اے چنتا پربھاکر نے آنے والے بلدیاتی انتخابات میں سداشیو پیٹ میونسپلٹی میں بی آر ایس پارٹی کا جھنڈا لہرانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے اپنے کارکنان کو ہدایت کی کہ پارٹی کی صفیں اور کارکن آپس میں مل جل کر کام کریں اور ہر وارڈ میں بی آر ایس پارٹی امیدواروں کو منتخب کرنا چاہیے۔ انہوں نے عوام کو یاد دلایا کہ وہ سابقہ بی آر ایس حکومت کے ذریعہ نافذ کئے گئے ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں کو عوام تک لے جائیں اور اس کانگریس حکومت کے کیے گئے وعدوں کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے بیان کریں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ قائدین اور کارکنان نظم و ضبط کے ساتھ کام کریں تو بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کریں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ آنے والے وقت میں بی آر ایس حکومت آنے والی ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنان اور قائدین کو حوصلہ دیا کہ وہ عزم کے ساتھ پارٹی کی جیت کیلئے کام کرے اور ہمارا مقصد اس مرتبہ بھی بلدیہ پر اپنا قبضہ قائم رکھنا ہے۔ رکن اسمبلی نے اپنے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ ریزرویشن کے مسئلہ سے قطع نظر انداز کرتے ہوئے ہمیں متحد ہوکر کام کرنا چاہئے۔اس اجلاس میں سابقہ میونسپل چیرمین اپرنا شیوراج پاٹل، کوتا گولہ کرشنا ،اکبر حسین ، سید کلیم پٹیل ، محمد نصیر الدین ، مبین محی الدین ، سید مقصود ، سمیع الزماں ، کامل انصار محمد جلیل کے علاوہ سلا ٹاؤن وارڈ کے صدور ، سابق کونسلرس، پارٹی لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔
