بلدیہ سے پیدائش اور موت کے سرٹیفکٹس کی اجرائی میں تاخیر

   

Ferty9 Clinic

اعلیٰ عہدیداروںکی برہمی ، می سیوا خدمات میں خامیوں کی شکایت
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں پیدائش اور موت سے متعلق سرٹیفکٹس کی اجرائی میں مسلسل تاخیر پر اعلیٰ حکام نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں گزشتہ دو ہفتوں سے سرٹیفکٹس کی اجرائی کا سلسلہ بند ہے۔ ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی (ہیلت) بی سنتوش نے اس سلسلہ میں اسسٹنٹ میڈیکل آفیسرس کی سرزنش کی اور ہدایت دی کہ اندرون ایک ہفتہ اگر تمام زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی نہیں کی گئی تو تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدیہ کے اسسٹنٹ میڈیکل آفیسرس جو مختلف سرکلس میں خدمات انجام دے رہے ہیں، انہیں اعلیٰ عہدیداروں نے ایک ہفتہ کا وقت دیا اور کہا کہ اگر یکسوئی نہیں کی گئی تو عہدہ سے استعفیٰ دے دیں۔ بلدیہ کی جانب سے پیدائش اور موت کے سرٹیفکٹس کی اجرائی کا کام می سیوا کو حوالے کرنے کے بعد سے تاخیر شروع ہوئی ہے۔ سابق میں عوام بلدیہ کے سٹیزن سرویس سنٹر اور می سیوا دونوں میں درخواست دے سکتے تھے لیکن بعد میں صرف می سیوا کے ذریعہ سرٹیفکٹس کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی عہدیداروں اور می سیوا اسٹاف کے درمیان تال میل کی کمی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔