بلدیہ میدک کی نئی کونسل کی تیاریوں کا آغاز

   

میدک۔/2 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرام پنچایت انتخابات کے انعقاد کیلئے ابھی سے تیاریاں جاری ہیں لیکن مجلس بلدیہ میدک میں بھی نئی کونسل کیلئے تیاریوں کا آغاز ہوچکاہے۔ ایسے میں کمشنر بلدیہ اور صدر نشین بلدیہ کی زیر نگرانی میدک ٹاؤن میں صدر نشین کے عہدہ اور وارڈس کیلئے تحفظات کیلئے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا ہے کہ بلدی حدود میدک میں بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کا غلبہ ہے۔ توقع ہے کہ صدرنشین کی نشست پھر سے بی سی کیلئے مختص ہوگی اور امید ہے کہ یہاں سردست موجود 27 وارڈوں میں توسیع بھی ہوگی۔ یہ تعداد 34 تک ہوسکتی ہے۔ اس بار نواحی علاقہ پلیکوٹیال، اورنگ آباد، اوسل پلی کو شامل کرنے کا منصوبہ تھا لیکن اورنگ آباد اور اوسل پلی کی عوام نے کورٹ سے التواء حاصل کیا ہے۔ چنانچہ اس بار ٹاؤن میں پلیکوٹیال کو شامل کیا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بلدیہ میدک میں 28,576 رائے دہندے موجود ہیں جس میں 20,262 کا تعلق بی سی طبقہ سے ہے۔ اس طرح 2,993 کا تعلق ایس سی اور 476 کا تعلق ایس ٹی طبقہ سے ہے۔ اس اجلاس میں کمشنر بلدیہ مسٹر سمیا ، چیرمین بلدیہ ملکارجن گوڑ، نائب صدر نشین اشوک کے علاوہ بلدی کونسلرس بھی موجود تھے۔