شہرکے کئی علاقوں میں جی ایچ ایم سی کی کارروائی
حیدرآباد۔7 ۔جولائی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے ریونت ریڈی کے جائزہ حاصل کر نے کے دوران حامیوں کی جانب سے شہر کے مرکزی مقامات پر فلیکسی اور بیانرس لگائے گئے تھے لیکن گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے انہیں نکال دیا گیا۔ کانگریس کارکنوں نے جی ایچ ایم سی کے رویہ پر سخت احتجاج کیا اور کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کے بیانرس اور فلیکسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی جبکہ اپوزیشن کانگریس کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ریونت ریڈی کے حامیوں کی جانب سے بڑے پیمانہ پر جشن کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 پر بڑے فلیکسی لگائے گئے تھے۔ ریونت ریڈی کی ریالی گزرنے سے قبل ہی جی ایچ ایم سی کے حکام نے انہیں نکال دیا جس پر ریونت ریڈی کے حامی برہم ہوگئے ۔ عہدیداروں کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق اجازت کے بغیر فلیکسی نہیں لگائی جاسکتی۔ گاندھی بھون اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں کل رات سے ہی بیانرس اور فلیکسی کا کام شروع ہوچکا تھا۔ ریالی کے راستوں پر پولیس نے ابتداء میں اعتراض کیا لیکن عوام کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے خاموشی اختیار کرلی ۔