بلدیہ کی جانب سے مکمل صفائی کام کئے جائیں گے ۔ مئیر رام موہن

   

حیدرآباد 18 نومبر ( آئی این این ) مئیر حیدرآباد بی رام موہن نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تمام 150 وارڈز میں مکمل صفائی کام کئے جانے کی تجویز ہے اور یہ کام آئندہ دنوں میں شروع کئے جائیں گے ۔ مئیر حیدرآباد نے شہریوں اور ریسیڈنشیل ویلفیر اسوسی ایشنوں و دیگر تنظیموں سے خواہش کی کہ وہ اس پروگرام کو زبردست کامیاب بنانے کیلئے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ صفائی کے کام یومیہ اساس پر جاری ہیں لیکن بلدیہ کی جانب سے جی ایچ ایم سی حدود کے تمام 150 ڈیویژنوں میںخصوصی مہم مکمل صفائی کیلئے شروع کرنے کی تجویز ہے ۔ اس کام کیلئے انجینئرنگ ونگ ‘ ٹاون پلاننگ ‘ اربن بائیو ڈائیورسٹی ‘ ویٹرنری ‘ یو سی ڈی اور انفورسمنٹ ونگ سے پچاس فیصد عملہ کو متعین کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر وارڈ میں یہ خصوصی مہم دو تین دن چلائی جائیگی تاکہ اہم سڑکوں کو صاف کرنے ‘ کھڈوں کو بند کرنے ‘ ملبہ کو اٹھانے ‘ کھلے مقامات پر پودوں کو صاف کرنے ‘ مین ہولس سے نکلنے والے ملبہ کو اٹھانے ‘ ڈرینس اور نالوں کی صفائی کے کام کئے جائیں۔ انہوں نے شہریوں سے اس میں تعاون کی اپیل کی ۔