بلدیہ کے 29,000 ورکرس کو کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی

   

زونل کمشنرس اور ڈپٹی کمشنرس کو بھی ٹیکہ دیا جائے گا
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے کورونا ویکسین ٹیکہ اندازی کیلئے 29,000 ورکرس کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں صفائی عملہ شامل ہے۔ محکمہ صحت اور خاندانی بھلائی کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے بعد کارپوریشن نے ترجیحی بنیادوں پر ٹیکہ اندازی کیلئے ورکرس کا انتخاب کیا۔ ٹیکہ اندازی کے پہلے مرحلہ میں ہیلت ورکرس اور کورونا واریئرس کو ٹیکے دیئے جائیں گے۔ بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے نام درج کرانے کیلئے شناختی کارڈ ، آدھار کارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس ، پیان کارڈ اور کارپوریشن کا جاری کردہ شناختی کارڈ تیار رکھیں۔ صفائی عملہ کو ٹیکہ اندازی کے بارے میں ایس ایم ایس پیام دیا جائے گا یا پھر انہیں تفصیلات کے ساتھ سلپ حوالے کی جائے گی۔ پہلے مرحلہ میں بلدیہ کے سوچھ آٹو ٹپرس کے ڈرائیورس ، ویسٹ مینجمنٹ ، انجنیئرس اور زونل کمشنرس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرس کو ٹیکہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ شہر میں ٹیکہ اندازی کیلئے 1100 عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں زیادہ تر اسکول اور کالجس کی عمارتیں ہیں۔ ٹیکہ اندازی سے استفادہ کرنے والوں کی تفصیلات کیلئے خصوصی ایپ تیار کیا جائے گا۔