بلدی الیکشن تلنگانہ میں گلابی پرچم لہرائے گا: کے ٹی آر

   

قرض بڑھاکر جھوٹے حساب پیش کئے گئے، ریونت ریڈی حکومت میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا

حیدرآباد ۔28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں برسر اقتدار حکومت نے قرضوں میں اضافہ کرکے جھوٹے حساب کتاب پیش کئے اور انہوں نے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ بلدی انتخابات میں کانگریس کو سبق سکھانے کی عوام سے اپیل کی۔ تلنگانہ بھون میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت کے پاس نہ عوام کی پرواہ کرنے کا وقت ہے اور نہ ہی نیت صاف ہے۔ انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے عوام سے جو بھی وعدے کئے ان کو پورا نہیں کیا گیا۔ جھوٹے وعدوں اور عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاکر اقتدار حاصل کرنے والے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر بننے کے بعد تمام وعدوں کو فراموش کردیا۔ جب بی آر ایس کی جانب سے اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو وعدے یاد دلائے جارہے ہیں تو بی آر ایس قائدین پر جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے بی آر ایس ہرگز خوف زدہ نہیں ہوگی بلکہ مزید شدت کے ساتھ حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرتے رہے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں ایک ناتجربہ کار اور نااہل شخص حکومت چلا رہا ہے اور موجودہ چیف منسٹر حکومت چلانے کے اہل نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کی ناکام پالیسیوں کے باعث تمام شعبے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 12 برسوں سے برسر اقتدار بی جے پی اور ریاست میں دو سال سے حکومت کرنے والی کانگریس عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی آر وی رمیش نے اپنے حامیوں کے ساتھ بی جے پی سے مستعفی ہوکر بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ کے ٹی آر نے انہیں گلابی کھنڈوا پہناکر گرمجوشی سے استقبال کیا اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ متحد ہوکر بلدیاتی انتخابات میں بی آر ایس کو شاندار کامیابی دلائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آنے والے تمام انتخابات میں گلابی پرچم اور کار کے نشان کی حمایت کی جائے اور کے سی آر کو دوبارہ ریاست کا چیف منسٹر بنایا جائے۔ کے ٹی آر نے امید ظاہر کی کہ عوام کانگریس کی ناکامیوں کو سمجھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں دانشمندی کا مظاہرہ کریں گے اور بی آر ایس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ 2