بلدی انتخابات، ٹی آر ایس کے باغی امیدوار ضد پر اٹل

   

پرچہ نامزدگیوں سے دستبردار ہونے تیار نہیں، ٹی آر ایس کیلئے درد سر

حیدرآباد۔12جنوری(سیاست نیوز) ریاست کے بیشتر تمام بلدیات میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے باغی امیدواروں نے پرچۂ نامزدگی داخل کئے ہیں اور ان کی جانب سے پرچۂ نامزدگی سے دستبرداری کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا ہے جو کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے لئے درد سر بنتا جا رہاہے ۔ ریاستی حکومت اپنے وزراء ‘ ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمان کے علاوہ سرکردہ قائدین کے ذریعہ باغی امیدوارو ںکو سمجھانے کی کوشش کررہی ہے لیکن وہ ماننے تیار نہیں ہیں۔ وزیر و کاگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ گذشتہ دو یوم سے باغی امیدواروں سے رابطہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کی یقین دہانی کروا رہے ہیں لیکن ا س کے باوجود بھی کئی اہم قائدین نے جو ٹکٹ نہ ملنے کے سبب ناراض ہیں باغی امیدوار کی حیثیت سے اپنے پرچۂ نامزدگی داخل کردیئے ہیں اور وہ پارٹی ٹکٹ نہ دیئے جانے کی صورت میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پارٹی میں جاری ان باغی سرگرمیوں سے شدید برہم ہیں اور انہوں نے ارکان اسمبلی ‘ وزراء اور پارٹی قائدین کو باغی امیدواروں کے میدان میں رہنے پر سنگین نتائج کا انتباہ دیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں کسی بھی مقام پر تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد نہ کئے جانے کے سبب تلنگانہ راشٹرسمیتی قائدین و کارکنوں کو اس بات کی امید تھی کہ انہیں بلدی انتخابات میں نظر انداز نہیں کیا جائے گا لیکن اب جبکہ کانگریس سے تلنگانہ راشٹرسمیتی میں شامل ہونے والے قائدین اپنے حامیوں کو ٹکٹ دلوانے میں کامیاب ہورہے ہیں تو پارٹی قائدین و کارکنو ںکی مایوسی میں اضافہ ہوتا جا رہاہے او رکہا جار ہاہے کہ جو قائدین باغی امیدوار کی حیثیت سے پرچۂ نامزدگی داخل کرچکے ہیں وہ کسی بھی طرح کی مفاہمت کے لئے تیار نہیں ہیں اور ان کا کہناہے کہ اگر پارٹی انہیں ٹکٹ نہیں دیتی ہے تو وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کریں گے۔ کار گذار صدر تلنگانہ راشٹرسمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ کا کہناہے کہ آئندہ 10یوم پارٹی کیلئے انتہائی اہم ہیں اور اس مدت کے دوران پارٹی قائدین و کارکنوں کو انتخابی مہم پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے لیکن یہ جو صورتحال پیدا ہوئی ہے پارٹی اعلی قیادت ان حالات سے نمٹ لے گی ۔ کے ٹی آر نے آج بھی پارٹی کے ارکان اسمبلی و ارکان قانون ساز کونسل سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ باغی امیدواروں کو دستبردار کروائیں۔