14جولائی کو قطعی ووٹر لسٹ کی اجرائی، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا اجلاس ‘ریاستی الیکشن کمشنر کا خطاب
حیدرآباد۔8جولائی ( سیاست نیوز) ریاستی الیکشن کمشنر تلنگانہ مسٹر ناگی ریڈی نے ریاست میں مجوزہ بلدی انتخابات سے متعلق جاریہ ماہ 14جولائی کو ’’ قطعی ووٹر لسٹ ‘‘ ( اقلیتی فہرست رائے دہندگان ) جاری کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ ووٹرلسٹ کی اجرائی تک ریزرویشن ( تحفظات) کا عمل بھی مکمل کرلینے کیساتھ ہی ’ بلدی انتخابی اعلامیہ ‘‘ ( شیڈول ) کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ریاست میں مجوزہ بلدی انتخابات کے سلسلہ میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ناگی ریڈی ریاستی الیکشن کمشنر تلنگانہ نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ آج طلب کردہ اس اجلاس کیلئے جملہ (48) سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا ۔ انہوں نے اس اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست تلنگانہ میں پائے جانے والے تمام بلدیات وغیرہ میں زائد از 50لاکھ رائے دہندے پائے جاتے ہیں ۔ مسٹر ناگی ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بلدی انتخابات ’بیالٹ پیپر‘ کے ذریعہ ہی منعقد کئے جائے گا ۔ ریاستی الیکشن کمشنر تلنگانہ نے بتایا کہ بلدی انتخابی عمل کے ایک حصہ کے طور پر جاریہ ماہ 11جولائی کو تمام ضلع کلکٹروں اور ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ساتھ انتخابی تیاریوں و کئے جانے والے انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس طلب کیا گیا ہے اور پھر 13جولائی کو ریاستی سطح کے تمام بلدی کمشنروں و اسپیشل آفیسروں کے ساتھ بھی اہم جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجوزہ بلدی انتخابات منعقد کرنے کیلئے تقریباً سابق مراکز رائے ( پولنگ اسٹیشنوں) دہی کو برقرار رکھتے ہوئے ان ہی مراکز رائے دہی کا استعمال کیا جائے گا اور ہر مرکز رائے دہی میں کم از کم 800 رائے دہندوں کو ووٹ ڈالنے ( اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے) کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیات میں کونسلروں کیلئے آمدنی کی حد کا تعین کر کے دو لاکھ روپئے آمدنی مقرر کی گئی اور بلدی کارپوریشنوں کے کارپوریٹرس کیلئے آمدنی کی حد 3لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ ناگی ریڈی نے بتایا کہ بلدی انتخابات میں مسلمہ سیاسی جماعتوں کو ان جماعتوں کا ہی انتخابی نشان الاٹ کیا جائے گا اور غیر مسلمہ سیاسی جماعتوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق انتخابی نشان الاٹ کیا جائے گا ۔
