حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں جاریہ ماہ 22 جنوری کو منعقد ہونے والے بلدی انتخابات کیلئے اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق جملہ 81 امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا جن میں 75 امیدواروں کا تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور چھ امیدواروں کا مجلس سے تعلق بتایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں 22جنوری کو انتخابات منعقد ہونے سے قبل ہی جملہ وارڈز کے منجملہ نصف وارڈز سے ٹی آر ایس امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہوجانے کی وجہ سے پرکال میونسپل کونسل پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا پرچم لہرانے کیلئے راہ ہموار ہوچکی ہے۔ پرکال میونسپل کونسل کے 22 وارڈز کے منجملہ 11 وارڈز میں ٹی آر ایس امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب ہونے کی وجہ سے ٹی آر ایس کو سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ ریاست میں منعقد ہونے والے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرنے کے اختتامی عمل کے بعد عہدیداروں کی جانب سے بلا مقابلہ منتخب بلدی وارڈز سے متعلق فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سرسلہ میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر 36، 9،5 سے ٹی آر ایس امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ ویمولہ واڑہ بلدیہ کے وارڈ نمبر 6 ستوپلی بلدیہ میں وارڈ نمبر 18، 8،5، 4 سے ٹی آر ایس امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ اسی طرح ڈورنکل بلدیہ کیلئے صدرنشین امیدوار کے طور پر اعلان کردہ امیدوار مسٹر وی ویرنا نے 5 نمبر وارڈ سے بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ مری پیڈا بلدیہ کے وارڈ نمبر ، محبوب نگر بلدیہ کے وارڈ نمبر 5 سے ٹی آر ایس امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ اسی طرح ضلع رنگاریڈی کے شنکر پلی بلدیہ کے وارڈ نمبر 2 ، وقارآباد بلدیہ کے وارڈ نمبر 25 ، 14، دوباک میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر 12 حسن آباد بلدیہ کے وارڈ نمبر 13اور 15 سے بھی ٹی آر ایس امیدواروں نے بلامقابلہ کامیابی حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کوسگی بلدیہ کے وارڈنمبر 10 ، ضلع سنگاریڈی کے بلارم میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر6 اور 12سے ضلع کریم نگر کے حضور آباد بلدیہ کے وارڈ نمبر 28 سے ضلع جگتیال کے کورٹلہ میونسپل کونسل وارڈ نمبر 26 اور 29 سے ، سراپیٹ میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر 5 سے بانسواڑہ میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر 4 سے چنور میونسپل کونسل کے وارڈ نمبرس 18،5،2 اور نرمل میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر10 سے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے امیدواروں نے بلامقابلہ شاندار کامیابی حاصل کی۔