پیر ارشاد احمد ناصر شامل ، مہیش کمار گوڑ کے احکامات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے بلدی انتخابات پر اپنی ساری توجہ مرکوز کردی ہے ۔ ایک طرف چیف منسٹر ریونت ریڈی بڑے پیمانے پر پر انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ دوسری طرف صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ باغی امیدوراوں کو انتخابی میدان سے دستبردار کرانے ، پارٹی قائدین کے درمیان تال میل اور رابطہ پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ ساتھ ہی اپوزیشن جماعتوں کی میڈیا میں حکومت کے خلاف گمراہ کن مہم کا منھ توڑ جواب دینے کے لیے ایس رام موہن ریڈی کی صدارت میں 15 رکنی میڈیا کوآرڈینشن کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں آل انڈیا یوتھ کانگریس انتخابی کمیٹی کے انچارج پیر ارشاد احمد ناصر کو بھی شامل کیا ہے ۔ اس کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بی آر ایس اور بی جے پی کی میڈیا میں حکومت کے خلاف جھوٹے بے بنیاد الزامات کا بہتر انداز میں جواب دیں ۔ پیر ارشاد احمد ناصر نے انہیں میڈیا کمیٹی کا رکن بنانے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی ، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ اور تلنگانہ کانگریس امور کی قومی انچارج میناکشی نٹراجن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی دو سالہ حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش ہے ۔ گرام پنچایت کے نتائج اس کا ثبوت ہے ۔ جس سے بی آر ایس اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ حکومت کو بدنام کرنے اور اپنے سیاسی وجود کو برقرار رکھنے کے لیے دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے خفیہ ساز باز کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو بدنام کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ اور ان کی ٹیم ان سازشوں کو ہر محاذ پر ناکام بنانے کے لیے ذمہ دارانہ رول ادا کرے گی ۔۔ 2